نیویارک (نمائندہ خصوصی) —نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی موجودگی، کردار اور اقدامات کو سراہا۔
اس ملاقات میں نائب وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام (Multilateralism) کی حمایت میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے کلیدی کردار پر اعتماد ظاہر کیا۔ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں پائیدار ترقی، انسانی حقوق کے تحفظ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان نے کثیرالجہتی نظام کے فروغ، تنازعات کے سفارتی حل، اور اقوام متحدہ و او آئی سی کے مابین تعاون پر اعلیٰ سطحی مباحثوں کی میزبانی کی، جو پاکستان کے تعمیری عالمی کردار کا مظہر ہیں۔
اسحٰق ڈار نے جموں و کشمیر کے تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے سیکریٹری جنرل پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں اور پاکستان میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں کمی کیلئےاقوام متحدہ کی قیادت میں کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ خطے میں امن و استحکام کیلئےاپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔
فلسطین کے معاملے پر اسحٰق ڈار نے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام، غزہ میں فوری جنگ بندی، اور مغربی کنارے میں اسرائیلی توسیع پسندی کے خلاف پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ترقی پذیر ممالک کو مالیاتی سہولتوں، قرضوں میں ریلیف، اور (Global South) کیلئے لیکویڈیٹی کے نئے حل کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اسحٰق ڈار نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے ’UN80‘ اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی امن، ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ کا نادر موقع ہے۔
مزید برآں، نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جانب سے اسلاموفوبیا پر خصوصی ایلچی کی تقرری کا خیرمقدم کیا اور مذہبی عدم برداشت کے خلاف عالمی سطح پر تعاون کی بھرپور یقین دہانی کرائی۔

