نیویارک: قطری وزیراعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات

نیویارک (نمائندہ خصوصی/بی بی سی)قطر کے دارالحکومت دوحا پر اسرائیلی حملے کے بعد قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے نیویارک میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات عشائیے پر ہوئی جس میں مشرقِ وسطیٰ کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف بھی شریک تھے۔

وائٹ ہاؤس نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ اور قطری وزیراعظم نے خطے کی صورتحال پر بات چیت کی، تاہم ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔عشائیے سے قبل قطری وزیراعظم نے وائٹ ہاؤس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی تفصیلی ملاقاتیں کیں۔

امریکا میں قطری مشن کے نائب سربراہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ “امریکی صدر کے ساتھ زبردست عشائیہ ابھی ختم ہوا ہے”۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چند روز قبل اسرائیل نے دوحا میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

دریں اثنا، امریکی وزیر خارجہ پیر کو اسرائیل کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اسرائیلی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ یہ دورہ ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب فرانس کی قیادت میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے معاملے پر بات چیت ہونے والی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں