نیویارک(نمائندہ خصوصی)نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے قونصل خانے میں برِلینس فاؤنڈیشن کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس کی قیادت فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کلثوم قاضی کر رہی تھیں۔ ملاقات میں تعلیم، استعداد سازی اور کمیونٹی سطح کے منصوبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قونصل جنرل نے تعلیم کے فروغ اور ذہنی صحت کے حوالے سے برِلینس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس نوعیت کے شراکتی اقدامات پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی کیلئے نہایت اہم ہیں۔ ذرائع کے مطابق کلثوم قاضی کے حالیہ دورۂ پاکستان کا بھی ذکر کیا گیا، جہاں قونصل جنرل پاکستان نیویارک کی معاونت سے انہوں نے مختلف تعلیمی اداروں اور صحت سے متعلق محکموں سے ملاقاتیں کیں اور تعلیمی استعداد سازی اور ذہنی صحت سے آگاہی کے منصوبوں پر تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔
اعلامیے کے مطابق آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے ساتھ مجوزہ تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی، جہاں یونیورسٹی نے برِلینس فاؤنڈیشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ مجوزہ ایم او یو کے تحت طلبہ کی تربیت، پیشہ ورانہ ترقی، استعداد سازی اور علمی ورکشاپس کے انعقاد میں تعاون شامل ہوگا۔
قونصل جنرل نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ قونصل خانہ پاکستان بین الاقوامی اداروں اور پاکستانی اداروں کے درمیان بامعنی شراکت داری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، تاکہ پاکستان میں سماجی فلاح اور انسانی ترقی کو مضبوط بنایا جا سکے۔

