نیو یارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی آج قرآنِ کریم پر حلف اٹھائیں گے

نیو یارک(ایجنسیاں)نیو یارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی آج یکم جنوری 2026 کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ زہران ممدانی نیو یارک سٹی کی تاریخ کے پہلے میئر ہونگے جو قرآنِ کریم پر عہدے کا حلف لیں گے۔

ذرائع کے مطابق امریکی سینیٹر برنی سینڈرز زہران ممدانی سے حلف لیں گے، جبکہ موجودہ میئر ایرک ایڈمز نے بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ اس موقع پر متعدد ارکانِ کانگریس اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیائی نژاد زہران ممدانی رواں سال نومبر کے اوائل میں نیو یارک سٹی کے میئر منتخب ہوئے تھے، جہاں انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے باوجود آزاد امیدوار اینڈریو کومو کو شکست دی۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیو یارک میئر کے انتخابات میں 2001ء کے بعد سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا، جس سے انتخابی عمل میں عوامی دلچسپی کی عکاسی ہوتی ہے۔