نیپال میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں دو مسافر بسیں پہاڑی تودوں کی زر میں آکر دریا میں جا گریں جس سے ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حادثہ ضلع چتوان میں پیش آیا۔ ایک بس میں 24 جبکہ دوسری میں 42 مسافر سوار تھے۔ حادثے کے دوران تین مسافروں نے کھڑکیوں سے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔
دریا میں ڈوب کر 63 مسافر لاپتا ہوگئے جن کی تلاش کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ بسیں چتوان سے دارالحکومت کھٹمنڈو جا رہی تھیں۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے حادثہ پر موجود ہیں۔
نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور ڈوب جانے والے مسافروں کی تلاش کیلیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دیں۔
انہوں نے تمام ایجنسیوں بشمول ہوم ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کرتا ہوں وہ مسافروں کو تلاش کریں اور مؤثر طریقے سے ریسکیو کریں۔
چند روز قبل دارالحکومت کھٹمندو سمیت نیپال کے دیگر شہروں میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈ نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا تھا۔
بارش کا موسم شروع ہونے کے بعد سے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں نیپال میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم سنتالیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں مٹی کے تودے گرنے سے ہوئیں جن کی تعداد 24 ہے جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے، 46 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے اور 36 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔