نیپال، برگنج(ایجنسیاں) نیپال میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسجد میں لوٹ مار اور مسلمانوں کی املاک پر حملوں کے بعد سرحدی شہر برگنج میں سخت کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
برگنج شہر نیپال اور بھارت کی سرحد پر واقع ہے اور دارالحکومت کٹھمنڈو سے تقریباً 130 کلومیٹر جنوب میں آتا ہے۔ حکام کے مطابق شہر میں سڑکوں پر آنے والے یا مظاہرے کرنے والوں کو گولی مارنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔
واضح رہے کہ اتوار کو ہندو انتہا پسندوں نے مسجد میں لوٹ مار کی اور مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچایا، جس کے بعد مقامی مسلمان مشتعل ہو گئے اور کشیدگی پیدا ہو گئی۔ اس واقعے کے بعد حکام نے فوری طور پر کرفیو نافذ کر کے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے۔

