وادی تیراہ: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا جاں بحق افراد کیلئے ایک کروڑ معاوضہ کااعلان

پشاور (ڈان نیوز) — وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وادی تیراہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے لواحقین کیلئے فی کس ایک ایک کروڑ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

خلاصہ: وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عام شہریوں کی شہادت افسوسناک اور ناقابل قبول ہے، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مشران پر مشتمل جرگہ اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کرے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم این اے اقبال آفریدی، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر پشاور اور دیگر حکام شریک تھے۔ اجلاس میں وادی تیراہ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور جاں بحق افراد کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں عام شہریوں کی جانوں کا ضیاع کسی طور قابل قبول نہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کیلئے فی کس ایک کروڑ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشران پر مشتمل ایک جرگہ اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کرے گا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کیلئےباجوڑ کے طرز پر لائحہ عمل اپنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ علاقے میں امن کیلئےعوام کا اعتماد حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔

خیال رہے کہ اس واقعے پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات سہیل آفریدی نے بھی آواز بلند کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ رات دو بجے پیش آنے والے سانحے میں مقامی آبادی پر بمباری اور مارٹر فائر کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ انہوں نے اس کی ذمہ داری سیکیورٹی فورسز پر عائد کی، تاہم آزاد ذرائع سے یہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

اسی طرح رکن قومی اسمبلی محمد اقبال خان آفریدی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پشتو زبان میں ویڈیو پیغام جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تیراہ میں جیٹ طیاروں کی گولہ باری کے نتیجے میں بزرگ خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ جائے وقوع پر پہنچ کر احتجاج کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں