واشنگٹن:بھارتی شہری سنجے پر روس کو جنگی ساز و سامان فراہم کرنے کی فرد جرم عائد

واشنگٹن: امریکا نے ایک بھارتی شہری سنجے کوشک پر روس کو غیر قانونی طور پر جنگی ساز و سامان کی فراہمی کا الزام لگایا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے ایک ہندوستانی شہری 57 سالہ سنجے کوشک پر روس کو ایوی ایشن پارٹس غیر قانونی طور پر برآمد کرنے کی سازش کا الزام لگایا ہے۔امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ بھارتی شہری سنجے کوشک نے روس کو ایوی ایشن پارٹس فراہم کیے ہیں، بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سنجے کوشک نئی دہلی میں قائم ایئر چارٹر کمپنی آرزو ایوی ایشن کا منیجنگ پارٹنر ہے۔

سنجے کوشک کو بھارت سے آنے پر 17 اکتوبر کو میامی میں گرفتار کیا گیا تھا، جرم ثابت ہونے پر بھارتی شہری کو زیادہ سے زیادہ 20 سال قید کی سزا سنائی جائے گی، اور ہر فرد جرم کے لیے 10 لاکھ ڈالر تک جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔اس کے علاوہ سنجے کوشک پر اوریگون سے بھارت کے راستے روس کو نیویگیشن اور فلائٹ کنٹرول سسٹم غیر قانونی طور پر برآمد کرنے کی کوشش کرنے اور برآمدی عمل سے متعلق غلط بیانات دینے کا الزام ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق مارچ 2023 کے اوائل میں، یوکرین پر روس کے حملے کے بعد، کوشک نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر روسی اداروں کیلئے امریکی ایرو اسپیس سامان اور ٹیکنالوجی کو غیر قانونی طور پر حاصل کرنے کی سازش کی۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ سامان اس جھوٹے بہانے کے تحت خریدا گیا تھا کہ وہ کوشک اور ان کی ہندوستانی کمپنی کو فراہم کیے جائیں گے، لیکن اصل میں یہ روسی صارفین کیلئے تھے۔یاد رہے کہ رواں ماہ امریکا روس کو جنگی ساز و سامان فراہم کرنے والی 19 بھارتی کمپنیوں پر پابندیاں لگا چکا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں