بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی سابق اہلیہ کرن راؤ نے کہا کہ عامر خان سے علیحدہ ہونے کے بعد بھی دوستی رکھنے پر ان کے والدین کہتے ہیں کہ جب عامر سے دوستی رکھنا ہے تو شادی کے بندھن میں کیوں نہیں رہتے۔
واضح رہے کہ کرن راؤ اور عامر خان کی 2005 میں شادی ہوئی اور 2021 میں دونوں میں علحیدگی ہوگئی، ان دونوں کا ایک بیٹا آزاد ہے جسکی پیدائش کےلیے کرن اور عامر خان نے کسی اور خاتون کی خدمات حاصل کیں۔
گو کہ کرن راؤ اور عامر خان کی 16 برس تک قائم رہنے والی شادی ختم ہوگئی لیکن دونوں اب بھی کولیگ ہیں اور اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ طور پر پرورش کر رہے ہیں۔
کرن اور عامر کے درمیان پروفیشنل تعلقات اب بھی جاری ہے اور دونوں نے حال ہی میں فلم لاپتہ لیڈیز پروڈیوس کی، جس کی ڈائریکشن کرن راؤ نے دی۔
حقیقت یہ ہے کہ دونوں اب بھی اچھے دوست یا خاندان کی طرح ہیں، کرن نے اس سال کے اوائل میں عامر خان کی پہلی اہلیہ سے پیدا ہونے والی بیٹی ایرا خان کی شادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں جب کرن سے پوچھا گیا کہ انھیں اکثر اس سوال کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ اگر عامر خان سے تعلق جاری رکھنا تھا تو پھر آپ نے انھیں طلاق کیوں دی؟
اس پر کرن نے کہا کہ انکے والدین بھی ان سے یہی سوال کرتے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ میں اپنی جگہ پر اپنی مرضی سے آزادانہ طور پر رہوں، ہمارے درمیان مشترکہ والدین کا مضبوط بندھن قائم ہے جس سے مجھے ذہنی سکون ملتا ہے۔