بھارتی اداکارہ و فیشن ڈیزائنر مسابا گپتا نے کہا ہے کہ انکے والد اور کرکٹ کی تاریخ کے عظیم بیٹر ویوین رچرڈز اب بھی اپنی جدوجہد کی گفتگو کے دوران نسل پرستی پر آبدیدہ ہوجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ 34 سالہ مسابا گپتا ویوین رچرڈز اور انکی پارٹنر و بھارتی اداکارہ نینا گپتا کی بیٹی ہیں۔ مسابا اکثر نسل پرستی کے خلاف اپنی جدوجہد پر کھل کر گفتگو کرتی ہیں، فائے ڈیسوزا کے ساتھ ایک انٹرویو میں مسابا نے اس حوالے سے اپنے عہد ساز والد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں بھی اس حوالے سے کافی جدوجہد کرنا پڑی۔
انکا کہنا تھا کہ اب مجھے پتہ چلا کہ میرے والد اتنے برسوں تک اس معاملے پر اتنا زیادہ کیوں محسوس کرتے تھے؟ آج بھی اگر آپ ان سے اس پر بات کریں گے تو انکی آنکھوں میں آنسو آجائیں گے۔ مسابا نے کہا کہ انکے والد ایک بدترین وقت میں پلے بڑھے۔ انہوں نے ایک ایسے دور میں پروفیشنل کرکٹ کھیلی جب دنیا میں آپکی جلد کا رنگ آپکے صلاحیتوں کی راہ میں حائل ہوجاتا تھا اور یہ ہر جگہ تھا۔
اس موقع پر مسابا نے اپنے متوقع بچے کی پیدائش کے حوالے سے گفتگو میں اعتراف کیا کہ گزشتہ روز ہی کسی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ روز رس گلہ کھایا کریں تاکہ انکا بچہ ان سے زیادہ صاف رنگ (گورا) پیدا ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ 15 روز قبل انکی ملازمہ نے نہایت معصومیت سے مشورہ دیا تھا کہ آپ دودھ پیا کریں تاکہ آپکا بچہ سانولا نہ پیدا ہو۔