والد سے بات کرنے کیلئے تھراپسٹ کا سہارا لینا پڑا: سونیا حسین

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ سونیا حسین کا کہنا ہے کہ اپنے والد سے بات کرنے اور ان سے اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے انہیں تھراپسٹ سے رجوع کرنا پڑا۔

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر دل کھول کے گفتگو کی اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ بچپن میں والدین کے تعلقات آپس میں اچھے نہیں تھے اس لیے میں والد سے دور اور والدہ کے قریب رہی، اس وجہ سے والد کے ساتھ تعلقات متاثر ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک شخص کے ساتھ شادی کے سلسلے میں بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا، تو اس نے مجھے احساس دلایا کہ مجھے ماہر نفسیات کی ضرورت ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اُس شخص کے کہنے پر جب ڈاکٹر سے رجوع کیا تو معلوم ہوا کہ بچپن سے جو والد سے دوری کا احساس تھا، اس نے میری شخصیت پر گہرا اثر مرتب کیا ہے۔ والد ساتھ تو تھے لیکن ایک تشنگی تھی کہ جو تعلق باپ بیٹی کا ہونا چاہیے وہ نہیں تھا۔

سونیا نے بتایا کہ ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کرکے پہلے خود کو ٹھیک کیا، پھر ایک دن شمالی علاقہ جات کی سیر پر گئی ہوئی تھی، تو فادرز ڈے تھا اس دن پہلی بار والد کو فون کال کرکے اپنے دل کا حال بیان کیا انہیں ’آی لو یو‘ کہا تو وہ رونے لگ گئے، جس پر احساس ہوا کہ ہمارے درمیان اس سرد رویے کی وجہ سے صرف میں اکیلی متاثر نہیں تھی وہ بھی متاثر تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اب والد کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں، وہ زیادہ باتیں تو نہیں کرتے لیکن اس بات کااحساس دلاتے ہیں کہ انہیں مجھ پر کتنا فخر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں