والد کی ناکام فلم کیلئے پہلے میں نے آڈیشن دیا تھا، جنید خان

بالی ووڈ اداکار عامر خان نے بیٹے نے جنید خان نے کہا ہے کہ والد کی ناکام فلم لال سنگھ چڈھا کےلیے پہلے میں نے آڈیشن دیا تھا۔

جنید خان نے حال ہی میں فلم مہاراج سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے، جہاں ان کے کام کو خوب سراہا جارہا ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران مہاراج سے قبل بھی فلموں کیلئے انٹرویو دیے جانے کے حوالے سے بات کی اور یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے والد مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی ایک ناکام فلم کےلیے بھی آڈیشن دیا تھا۔

جنید نے بتایا کہ میں نے ’لال سنگھ چڈھا‘ میں اپنے والد کے کردار کےلیے ہی آڈیشن دیا تھا، جس کے بارے میں والد بھی کھل کر بات کر چکے ہیں، تاہم چند وجوہات کی بنا پر یہ فلم نہ کرسکا، البتہ والد پرجوش تھے کہ میں یہ فلم کروں۔

واضح رہے کہ عامر خان کی ’لال سنگھ چڈھا‘ میں کرینہ کپور، مونا سنگھ اور ناگا چیتنیا نے بھی کام کیا۔ ادویت چندن کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم ٹام ہینکس کی 1994 کی آئیکونک فلم ‘فورسٹ گمپ’ کا باضابطہ ہندی ری میک تھی۔ فلم نے مقامی باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھائی اور ناکام رہی۔

اس سے قبل عامر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ان کے بیٹے جنید خان نے ’لال سنگھ چڈھا‘ کےلیے ایک ٹیسٹ دیا تھا۔ عامر کا کہنا تھا کہ جب جنید لاس اینجلس سے واپس آیا تو وہ فلم کی تیاری کر رہا تھا اور چاہتا تھا کہ ادویت چندن فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے ایک ٹیسٹ کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں