ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا میڈل کی دوڑ سے باہر

ٹوکیو (اسپورٹس ڈیسک)ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور بھارت کے دفاعی چیمپئن نیرج چوپڑا جیولن تھرو کے فائنل میں میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ٹوکیو میں جاری چیمپئن شپ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی باری میں 82.73 میٹر کی تھرو کی، دوسری تھرو ضائع ہوگئی جبکہ تیسری باری میں 83.75 میٹر کی تھرو کرسکے۔ ان کی چوتھی تھرو بھی فاول ہوگئی جس کے بعد وہ کوچ سلمان بٹ سے مشورہ کرنے پہنچے، تاہم مسلسل دو فاول کرنے کی وجہ سے وہ ٹاپ 8 راؤنڈ میں رسائی حاصل نہ کرسکے اور میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی تھرو میں 83.65 میٹر اور دوسری میں 84.03 میٹر کی تھرو کی، تیسری تھرو ضائع ہوگئی جبکہ چوتھی 82.86 میٹر رہی، پانچویں تھرو بھی فاول قرار پائی اور وہ بھی میڈل کیلئے کوالیفائی نہ کرسکے۔

فائنل میں ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کے کیشورن والکوٹ نے سونے کا تمغہ، گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے چاندی اور کرٹس تھامسن نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ جرمنی کے جولین ویبر نے 86.11 میٹر کی شاندار تھرو کی جبکہ بھارت کے سچن یادوو نے اپنے کیریئر کی بہترین 86.27 میٹر کی تھرو کی۔

گزشتہ روز کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے پہلی باری میں 76.9 میٹر اور دوسری میں 74.17 میٹر کی تھرو کی، تاہم تیسری تھرو میں 85.28 میٹر کا شاندار ریکارڈ قائم کرتے ہوئے فائنل کیلئےکوالیفائی کیا تھا۔

ارشد ندیم انجری کے باعث ورلڈ ایتھلیٹکس سلور ٹور اور ڈائمنڈ لیگ سے باہر ہوگئے تھے، انہوں نے رواں سال جون میں پنڈلی کی سرجری کروائی اور لندن میں ری ہیب مکمل کرنے کے بعد چیمپئن شپ میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں