اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) نے پاکستان کو اپنی نگرانی کی فہرست سے نکال دیا ہے، جس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے عالمی مقابلوں میں شرکت پر خدشات ختم ہو گئے ہیں۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے تصدیق کی ہے کہ اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن آف پاکستان (ایڈاپ) نے تمام بقیہ اصلاحی اقدامات مکمل کر لیے ہیں، جس کے بعد واڈا نے تعمیل کا عمل ختم کرتے ہوئے پاکستان کو نگرانی کی فہرست سے خارج کر دیا۔
پاکستان کو ستمبر 2024 میں واڈا کی نگرانی کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا کیونکہ اس وقت نئے اینٹی ڈوپنگ ضابطوں کے حوالے سے ضروری اصلاحی اقدامات مکمل نہیں ہوئے تھے۔ تاہم پی ایس بی کے ترجمان کے مطابق واڈا نے حالیہ فالو اپ تصدیق میں یہ واضح کیا کہ پاکستان نے تمام تقاضے پورے کر لیے ہیں اور اب وہ مزید سخت نگرانی کے تحت نہیں رہے گا۔
ذرائع کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق واڈا نے یہ اطلاع پی ایس بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام کو ای میل کے ذریعے دی۔ پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ کی قیادت میں کیے گئے اصلاحی اقدامات میں پالیسی ہم آہنگی اور طریقہ کار میں بہتری شامل تھی تاکہ پاکستان عالمی معیار پر پورا اتر سکے۔
یاسر پیرزادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کامیابی محض بیوروکریٹک کامیابی نہیں بلکہ پاکستانی ایتھلیٹس اور اسپورٹس فیڈریشنز کیلئےامید کی علامت ہے۔ ان کے مطابق، یہ منظوری ایک ایسے وقت میں ملی ہے جب پاکستان بڑے اسپورٹس پلیٹ فارمز پر اپنی صلاحیت دکھانے کی تیاری کر رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر جنوری تک اصلاحی اقدامات مکمل نہ کیے جاتے تو پاکستان کو عدم تعمیل کا سامنا کرنا پڑتا، جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں کو قومی پرچم تلے کھیلنے سے روکا جا سکتا تھا اور پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو سکتا تھا۔
گزشتہ سال واڈا نے سات ممالک کو نگرانی کی فہرست میں شامل کیا تھا جن میں پاکستان، نمیبیا، پاناما، ساموا، سینیگال، یوگنڈا اور یوراگوئے شامل تھے۔ مئی میں واڈا کے صدر وٹولڈ بانکا نے کھیلوں میں کارکردگی بڑھانے والی دواؤں کے استعمال کے خلاف کوششوں کو سیاسی رنگ دینے پر تشویش ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ صاف ستھری کھیل میں سیاست اور ذاتی مفادات کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔
واڈا کے اس فیصلے سے پاکستان کے کھلاڑی اب عالمی مقابلوں میں بلا خوف و خطر قومی پرچم تلے شرکت کر سکیں گے اور پاکستان کھیلوں میں عالمی تنہائی کے خطرے سے محفوظ ہو گیا ہے۔

