لاہور : آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرمیں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم پیر کے روز اہم میچ میں کالی آندھی ویسٹ انڈیز کے مد مقابل ہوگی۔ قومی ٹیم کیلئے یہ میچ نہایت اہمیت کا حامل ہے جسے جیت کر اس کے ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔

میچ کی اہمیت کے پیش نظر میچ سے ایک روز قبل خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ پلیئرز نے سخت گرم موسم کے باوجود این سی اے میں بیٹنگ، باولنگ اورفیلڈنگ کے پریکٹس سیشن میں حصہ لیاکھلاڑیوں نے گراؤنڈ اور باب وولمر انڈور سکول میں مختلف سیشنز کے دوران نیٹ پریکٹس کی۔ ہیڈ کوچ محمد وسیم کی نگرانی میں کھلاڑیوں کی سکلز ڈویلپمنٹ پر فوکس کیا گیا .
انہوں نے ٹیم کی بیٹرز، نتالیہ پرویز، سدرہ امین اور منیبہ علی کے ساتھ خصوصی سیشن بھی کیا تاکہ اس اہم مقابلے کیلئے بیٹرز کو جسمانی کے ساتھ ساتھ ذہنی طور پر بھی تیار کیا جلاسکے۔قومی ٹیم کی کھلاڑیوں کا ٹریننگ سیشن 3 گھنٹے تک جاری رہا جس میں باؤلرز کو لائن اینڈ لینتھ پر بال کرنے کی خصوصی تربیت بھی دی گئی۔ورلڈ کپ کوالیفائر میں قومی ٹیم اب تک اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت کر پہلے نمبر پر ہے تاہم آج کا میچ جیتنے کے بعد اس کی پوزیشن مزید مستحکم ہوجائے گی۔ آئی سی سی کوالیفائر میں شریک چھ ٹیموں سے دو بھارت میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ڈے نائٹ میچ پیر کو دوپہر 2 بجے قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگا جس کیلئے شائقین کرکٹ کا قذافی سٹیڈیم میں داخلہ فری ہو گا۔

