ورلڈ کپ کوالیفائر میں قومی ہاکی ٹیم کی چین کے خلاف ایک گول سے کامیابی

فتح کا کم مارجن ٹیم کو مشکلات سے دوچار کرسکتا ہے،ملیشیاء کو ہر قیمت پر ہرانا ہوگا
بصورت دیگر اگلے مرحلے تک رسائی مشکل ہوجاۓ گی

قومی ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ مینز ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے پہلے میچ میں چین کو کانٹے دار مقابلے کے بعد ایک گول سے شکست دیدی۔ پاکستان نے چین کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے زیر کیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد سفیان خان، رانا وحید اشرف، محمد عماد، ابوبکر محمود ، رانا ولید نے ایک ایک گول سکور کیا۔ جبکہ چین کی جانب سے سیاھو نے دو، زینگ اور گوان نے ایک ایک گول کیا۔ ایونٹ میں فتح کا مارجن نہایت اہمیت کا حامل ہے جس کے باعث ٹیم کی کامیابی کو ہرگز متاثر کن قرار نہیں دیا جاسکتا۔

ٹیم کے کھلاڑی حال ہی میں ارجنٹائن اور آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف میچز کھیل کر آئے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے کھیل میں بہتری نہ آنا خطرے کی گھنٹی قرار دیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کو ایونٹ میں آج ملیشیاء کے خلاف میچ کھیلنا ہے جسے جیتنا لازمی ہوگا بصورت دیگر کرکٹ کی طرح ہاکی ٹیم بھی اگر مگر کی صورتحال کا شکار ہوسکتی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی, ایڈھاک گورننس اینڈ منیجمنٹ چیئرمینز اولمپین اصلاح الدین صدیقی ، اولمپین حسن سردار، چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے پہلے میچ میں کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔قومی ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کا دوسرا میچ آج ملائیشیا جبکہ تیسرا میچ چار مارچ کو آسٹریا کے خلاف کھیلے گی۔