اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات میں سی پیک فیز ٹو پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئےکلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ ملاقات میں وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شہباز شریف نے چین کی پاکستان کے ساتھ مستقل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان، چین کے بنیادی مسائل پر غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے پاک-چین تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور صدر شی جن پنگ کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اس موقع پر کہا کہ پاک-چین تعلقات کو مزید نئی بلندیوں پر لے جایا جائے گا اور دونوں ممالک ہر سطح پر تعاون کو فروغ دیں گے۔
اس سے قبل وانگ ژی نے ایوان صدر میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جہاں دو طرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین “آہنی بھائی” اور “ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار” ہیں، چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جسے ملک میں عوام، سیاست اور ادارہ جاتی سطح پر مکمل حمایت حاصل ہے۔
صدر نے چین کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی ترقی اور مسئلہ کشمیر پر اصولی و منصفانہ حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں، اسلام آباد میں چین کے وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک تمام اہم معاملات پر مکمل اتفاق رائے رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کیلئےچین کے عزم کو سراہتے ہیں، دونوں ممالک خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کیلئےپُرعزم ہیں۔

