وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ولادیمیر پیوٹن کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

بیجنگ(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے بیجنگ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات قائم رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک-روس تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر کی ہمدردی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہے اور روس کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے۔

دورانِ ملاقات، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیراعظم شہباز شریف کو ماسکو میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس پر وزیراعظم نے شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں، تیانجن میں منعقدہ ایس سی او اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ملائیشیا، بیلاروس، آذربائیجان، ترکی، تاجکستان، ترکمانستان، کرغستان اور مالدیپ کے رہنماؤں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے بھی غیر رسمی تبادلۂ خیال کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں