وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے، ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی

ریاض (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے جہاں رائل ٹرمینل پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ آج وزیراعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، دو طرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر بات چیت ہوگی۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے۔ رائل ٹرمینل پر ریاض کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں میں دیگر سعودی اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔

پاکستانی سفیر احمد فاروق اور سفارتی مشن کے افسران نے بھی وزیراعظم کا خیر مقدم کیا۔ بعد ازاں ائیرپورٹ لاؤنج میں وزیراعظم شہباز شریف اور ڈپٹی گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاک سعودی تعلقات اور دو طرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، معاشی تعاون میں وسعت، سرمایہ کاری کے نئے مواقع، توانائی کے منصوبوں اور خطے میں امن و استحکام پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور خطے میں تعاون بڑھانے کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں