وزیراعظم شہباز شریف کا دل سے شکریہ: سری لنکن صدر

کولمبو / اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک)سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کو یقینی بنانے پر وزیراعظم شہباز شریف کا دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکن صدر کا وزیراعظم شہباز شریف کو کیا گیا فون اہم پیش رفت ثابت ہوا، جس میں انہوں نے پاک بھارت میچ کے انعقاد سے متعلق درخواست کی جو پاکستان نے قبول کر لی۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے اسی نوعیت کی درخواست کی تھی، جس پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سارے معاملے میں پی سی بی نے بھرپور تعاون کیا۔

صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے نے اپنے بیان میں کہا کہ جس کھیل سے ہم سب کو محبت ہے اسے جاری رکھنے میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ کولمبو میں شیڈول پاک بھارت میچ طے شدہ منصوبے کے مطابق ہوگا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 فروری کو شیڈول ہے۔