وزیراعظم شہباز شریف کی پولینڈ کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پولینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ رادوساؤ سیکورسکی نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحٰق ڈار، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور پولینڈ میں پاکستان کے سفیر سمیع ملک بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان کئی دہائیوں سے خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے پولینڈ کی صنعتی ترقی اور تکنیکی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، محنت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے پولینڈ کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ توانائی، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔

ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ اور یوکرین کی صورتحال سمیت بین الاقوامی امن کی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے، اور بین الاقوامی قانون، انسانی اصولوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری اس کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔

وزیراعظم نے پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک کو نیک خواہشات اور مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا اور انہیں جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔

پولینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ رادوساؤ سیکورسکی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے پیٹروکیمیکل شعبے میں پولینڈ کی سرمایہ کاری 50 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد ہے، اور پاکستان واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبے میں پولینڈ کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے علاقائی امن و استحکام میں کردار کو سراہا اور باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔

قبل ازیں، پولینڈ کے وفد نے دفترِ خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحٰق ڈار سے تفصیلی ملاقات کی، دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے اور ایک مقامی تھنک ٹینک میں سیمینار سے خطاب بھی کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں