وزیراعظم مارک کارنی نےجامع سکیورٹی پلان کا اعلان کردیا:سونیا سدھو

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)وزیرِاعظم مارک کارنی نے عوامی تحفظ کو مضبوط بنانے، کینیڈین شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ملک بھر میں محفوظ کمیونٹیز کے قیام کیلئے ایک جامع اور جرات مندانہ منصوبے کا اعلان کیا۔

برامپٹن ساؤتھ سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے وزیرِاعظم کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان فیصلوں کے نفاذ کے منتظر ہیں اور ایسی پالیسیوں کی حمایت جاری رکھیں گی جو محلّوں کو زیادہ محفوظ اور مستحکم بنائیں۔

نئے وفاقی اقدامات میں کریمنل کوڈ میں متعدد ترامیم شامل ہیں تاکہ پرتشدد اور بار بار جرائم میں ملوث مجرموں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے۔ ان ترامیم میں ریورس آنس ضمانت (Reverse-onus bail)، مسلسل سزائیں (Consecutive sentencing)، منظم چوری (Organized retail theft) اور جنسی جرائم کیلئے سخت تر سزائیں شامل ہیں۔ یہ اصلاحات اس عوامی مطالبے کی عکاسی کرتی ہیں کہ عدالتی نظام متاثرہ افراد اور کمیونٹی کے تحفظ کو اولین ترجیح دے۔

“قانون سازی میں درج ذیل اہم ترامیم شامل ہوں گی”

بڑے جرائم کیلئےریورس آنس ضمانت کا نفاذ۔
متعدد جرائم پر مسلسل سزاؤں کا اطلاق تاکہ مجرموں کو طویل قید کا سامنا ہو۔
منظم ریٹیل چوری کیلئے زیادہ سخت سزائیں۔
کئی جنسی جرائم کیلئےمشروط سزاؤں (Conditional Sentences) پر پابندی۔

مزید برآں، وفاقی حکومت نے چار سالوں میں 1.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے تاکہ رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (RCMP) کی استعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔ اس منصوبے کے تحت 1000نئے اہلکاروں کی بھرتی، مالیاتی جرائم، آن لائن استحصال اور منظم مجرمانہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات شامل ہیں۔ یہ سرمایہ کاری قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نئی اور ابھرتی ہوئی خطرات کے مقابلے میں زیادہ مؤثر بنانے میں مدد دے گی۔

حکومت نے واضح کیا کہ قانون کا نفاذ اکیلا حل نہیں۔ صوبوں، علاقوں اور میونسپل اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے جرائم کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کیلئےسستی رہائش، ذہنی صحت کی سہولیات، منشیات کے علاج اور نوجوانوں کے پروگراموں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ اقدامات وہ دیرپا حل فراہم کریں گے جو کمیونٹی کی سطح پر حقیقی تبدیلی لائیں گے۔

سونیا سدھو نے اپنے بیان میں کہا”برامپٹن ساؤتھ اور پورے کینیڈا میں خاندانوں کو اپنے گھروں اور محلّوں میں محفوظ محسوس کرنے کا حق ہے۔ میں وزیرِاعظم کے اس منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہوں جس کا مقصد انصاف کے نظام کو مضبوط کرنا، پولیسنگ میں سرمایہ کاری بڑھانا اور جرائم کی وجوہات کا سدِباب کرنا ہے۔ یہ اقدامات اس طرح کے کینیڈا کی تعمیر میں مدد دیں گے جہاں ہر شہری کیلئے مواقع، تحفظ اور انصاف میسر ہو۔”

وزیرِاعظم مارک کارنی نے اپنے بیان میں کہا”کینیڈا میں ہر شخص کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ صبح بیدار ہو، اپنے کام پر جائے، واپس گھر آئے اور رات کو سکون سے سو سکے۔ جب قوانین بار بار ان بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے میں ناکام رہیں، تو نئے قوانین بنانا ضروری ہو جاتا ہے۔ کینیڈا کی نئی حکومت جرائم کے خاتمے اور مضبوط کمیونٹیز کی تعمیر کیلئے فیصلہ کن اقدامات کر رہی ہے — تاکہ شہری اپنے گھروں میں، محلّوں میں اور اپنے مستقبل پر پُر اعتماد اور محفوظ محسوس کریں۔”

اپنا تبصرہ لکھیں