وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات

ابوظبی(بیورورپورٹ)وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آج متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے فرمانروا، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے ابوظبی میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات وزیراعظم کے ایک روزہ سرکاری دورۂ متحدہ عرب امارات کے دوران ہوئی، جو شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر عمل میں آیا۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے ادا کیے گئے تعمیری اور مصالحانہ کردار پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یو اے ای کی قیادت کے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئےمثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، تعاون اور ہم آہنگی پر مبنی پالیسی پر گامزن ہے۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے صدر شیخ محمد بن زاید نے خوش دلی سے قبول کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی ترقی، توانائی، سرمایہ کاری، تجارت، انفراسٹرکچر اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق رائے ہوا۔

اس اہم ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحٰق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچے جہاں ابوظبی کے البطین ہوائی اڈے پر عزت مآب شیخ طحنون بن زاید النہیان، جو صدر یو اے ای کے بھائی اور قومی سلامتی کے مشیر ہیں نے پرتپاک استقبال کیا۔ شیخ طحنون وزیرِاعظم کے ہمراہ صدارتی محل تک روانہ ہوئے۔

استقبالیہ موقع پر متحدہ عرب امارات کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری جنرل علی احمد الشمسی، پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور پاکستانی سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔وزیراعظم کے اس اہم دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی اور علاقائی امن و ترقی کیلئے مشترکہ کوششوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں