بھارت کی سپریم کورٹ سے عوام پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیراعلیٰ کو بڑا ریلیف ملا ہے اور ان کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی شراب پالیسی سے متعلق مبینہ کرپشن کیس میں وزیراعلیٰ دہلی گزشتہ 156 روز سے جیل میں قید ہیں۔ انہوں نے رہائی کے لیے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی ہوئی تھی جس کی آج شنوائی ہوئی اور سپریم کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
سپریم کورٹ کی جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس اجول بھوئیاں پر مشتمل دو رکنی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا تاہم انہوں نے وزیراعلیٰ دہلی کی مشروط ضمانت منظور کی ہے جس میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ جیل سے باہر آنے کے بعد کسی بھی فائل پر دستخط نہیں کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ اروند کیجریوال کے اپنے دفتر جانے پر بھی پابندی ہو گی جب کہ وہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کا بیان بھی جاری نہیں کر سکیں گے۔
سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہرِیانہ انتخابات سر پر ہیں اور دہلی میں صدر راج کے امکانات پر باتیں کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو گزشتہ سال 21 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ 10 دن کی تفتیش کے بعد انہیں یکم اپریل کو تہاڑ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ 10 مئی کو انہیں 21 دن کے لیے عام انتخابات میں مہم چلانے کی اجازت ملی، جس کے بعد انہیں 2 جون کو پھر سے جیل میں خود سپردگی کرنی پڑی تھی۔