اٹاوا(گیتی آراسے) وزیرِاعظم مارک کارنی نے ملک بھر میں بڑھتے جرائم، تشویش ناک سماجی خطرات اور شہری سلامتی کے مسائل کے تناظر میں نئے جامع اقدامات کا اعلان کیا ہے تاکہ کینیڈین شہریوں کو محفوظ بنایا جا سکے اور کمیونٹیز کو مضبوط کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ “ہم دنیا کے بدلتے حالات کو نہیں بدل سکتے، مگر ہم یہ طے کر سکتے ہیں کہ اپنے ملک میں کیا تعمیر کریں۔ ہم ایک محفوظ، مضبوط اور مستحکم کینیڈا بنا رہے ہیں۔”وزیراعظم کارنی نے بتایا کہ آئندہ ہفتے پارلیمنٹ میں کریمنل کوڈ میں ترامیم کیلئے مسودۂ قانون پیش کیا جائیگا، جس کے تحت درج ذیل اقدامات کیے جائیں گے.
سنگین جرائم کیلئے ریورس آنس بیل (ضمانت کیلئے ملزم پر ثبوت کا بوجھ) متعارف کرایا جائیگا۔متعدد جرائم پر مسلسل سزائیں (Consecutive Sentencing) دی جا سکیں گی تاکہ مجرموں کو زیادہ عرصہ جیل میں رکھا جا سکے۔منظم ریٹیل چوری کیلئےسزائیں سخت کی جائیں گی۔

جنسی جرائم کی متعدد اقسام کیلئےمشروط سزاؤں (Conditional Sentences) پر پابندی عائد کی جائیگی۔وزیرِاعظم نے اعلان کیا کہ وفاقی بجٹ 2025 میں حکومت چار سالہ منصوبے کے تحت 1.8 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ وفاقی پولیسنگ صلاحیت کو بڑھایا جا سکے۔
اس رقم سے1000 نئے آر سی ایم پی اہلکار بھرتی کیے جائیں گے۔کیڈٹس کے الاؤنس کو بڑھا کر 1000 ڈالر فی ہفتہ کیا جائے گا۔150 نئے افسران کو مالیاتی جرائم، منی لانڈرنگ، آن لائن فراڈ اور منظم جرائم کے خلاف مامور کیا جائے گا۔

” جرائم کی وجوہات کے خاتمے پر توجہ”
وزیراعظم نے کہا کہ صرف نفاذِ قانون کافی نہیں، بلکہ حکومت سستی رہائش، ذہنی صحت و منشیات سے متعلق امدادی پروگراموں اور خطرے سے دوچار نوجوانوں کیلئے معاون منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
ان اقدامات کیلئےوفاقی، صوبائی اور بلدیاتی ادارے ایک دوسرے کیساتھ قریبی تعاون میں کام کر رہے ہیں۔
“بارڈر سیکیورٹی اور نفرت انگیز جرائم کیخلاف کارروائی”
کارنی نے کہا کہ حکومت پہلے ہی ہتھیاروں، منشیات اور فینٹانائل کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں کر چکی ہے اور سرحدی سیکیورٹی کے وسائل بڑھائے جا چکے ہیں۔مزید یہ کہ اسلاموفوبیا، یہود دشمنی اور نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف بھی قانون سازی متعارف کرائی جا چکی ہے۔

وزیراعظم مارک کارنی نے کہا”کینیڈا میں ہر شخص کو اپنے گھر اور گلی میں محفوظ محسوس کرنے کا حق ہے۔ جب قوانین بار بار ان بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے میں ناکام رہیں، تو نئے قوانین بنانا ناگزیر ہو جاتا ہے۔ ہمارا مقصد مضبوط، محفوظ اور پُراعتماد کمیونٹیز کی تعمیر ہے۔”
وزیر خزانہ و قومی محصولات فرانسوا-فیلیپ شامپین نے کہا”ہم اپنے انصاف کے نظام کو مضبوط بنا رہے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بہتر وسائل دے رہے ہیں، اور کمیونٹیز کو جرائم کی روک تھام کے قابل بنا رہے ہیں۔ ہر کینیڈین کو اپنے گھر، گلی اور شہر میں تحفظ کا احساس ہونا چاہیے۔”

وزیرِانصاف و اٹارنی جنرل شان فریزر کا کہنا تھا”ہم نے ضمانت اور سزا سے متعلق قوانین کو سخت کرنے کا وعدہ کیا تھا اور ہم وہ وعدہ پورا کر رہے ہیں۔ صوبوں، خطوں اور پولیس کے ساتھ مل کر ایسے مؤثر اصلاحات متعارف کرائے جا رہے ہیں جو خطرناک مجرموں کو سڑکوں سے دور رکھ سکیں۔”
وزیرِامنِ عامہ گیری اننداسنگری نے کہا”ایک ہزار نئے آر سی ایم پی اہلکاروں کی بھرتی سے وفاقی پولیسنگ میں زبردست اضافہ ہو گا۔ مالیاتی جرائم کے خلاف نئے دستے منی لانڈرنگ اور منظم جرائم پر کاری ضرب لگائینگے.”
کینیڈا کی نئی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ ماضی کی کمزور پالیسیوں کی اصلاح، مضبوط قوانین، بڑے وسائل اور عملی اقدامات کے ذریعے ایک محفوظ، مضبوط اور خوشحال کینیڈا کی تعمیر کیلئے پرعزم ہے۔

