ڈاووس(ایجنسیاں)ورلڈ اکنامک فورم، سرکاری اعلامیہ کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور مائیکروسافٹ کے بانی و بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں صحت کے شعبے اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے اہم کردار پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ صحت کے منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے متعلقہ اداروں اور صوبائی انتظامیہ کے درمیان قریبی رابطہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے صحتِ عامہ کے چیلنجز سے نمٹنے اور طبی سہولیات کی بہتری کے لیے فاؤنڈیشن کی دیرینہ معاونت کو سراہا۔
بل گیٹس نے پاکستان میں فاؤنڈیشن کی جاری اور آئندہ سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں فریقین نے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور پولیو کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شفافیت اور ڈیجیٹل نظام حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں۔ بل گیٹس نے مؤثر ٹیکس نظام کو طویل المدتی معاشی خود انحصاری کے لیے ضروری قرار دیا۔
اعلامیے کے مطابق صحت کے شعبے میں تعاون کے مزید امکانات، جن میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری اور سپلائی چین کو مضبوط بنانا شامل ہے، پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا اور عملی و پائیدار حل کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

