وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اہم ملاقات

ریاض: وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے دائرہ کار میں جاری دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ پرتپاک مہمان نوازی پر وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے ترقی کیلئےمحمد بن سلمان کی دور اندیش قیادت کو سراہا اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے متعلق معاملات پر سعودی عرب کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مضبوط پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے دائرہ کار میں جاری دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کے حالیہ دورے کا ذکر کیا اور دورے میں دستخط کردہ مفاہمت کی یادداشتوں کی بنیاد پر پاک سعودی معاشی شراکت کا احاطہ کیا۔

ملاقات میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی وژن 2030 پاکستان کے کلیدی پالیسی مقاصد سے ہم آہنگ ہے، سعودی عرب اور پاکستان میں مشترکہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں، وقت کے ساتھ یہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔ وہ ریاض میں 29 سے 31 اکتوبر کو منعقد ہونے والے آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شریک ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں