ٹورنٹو،کینیڈا(اشرف خان لودھی سے)وزیر اعظم نے نئے سفیروں اور سیکرٹری خارجہ کی تقرریوں کی منظوری دے دی.ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے لیے کچھ نئے سفیروں کی نامزدگیوں کی بھی منظوری دے دی ہے۔
جانباز خان برونائی دارالسلام میں پاکستان کے نئے سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں گے.
ذرائع کامزید کہنا ہے کہ محمد سلیم کینیڈا میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر ہوں گے.
ملک فاروق احمدجنوبی افریقہ میں نئے ہائی کمشنر ہوں گے۔ ملک فاروق احمد اس وقت کویت میں پاکستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں.
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی موجودہ سفیر برائے یورپی یونین آمنہ بلوچ کو نیا سیکرٹری خارجہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔آمنہ بلوچ اس وقت یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر ہیں۔ سفیر مقرر ہونے سے قبل، آمنہ بلوچ ملائیشیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ہیڈ کوارٹر اور بیرون ملک مشنز میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں چین کے شہر چینگدو میں پاکستان کی قونصل جنرل، سری لنکا میں وزیر مشیر، وزیر اعظم کے دفتر میں جوائنٹ سیکرٹری اور دفتر خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری شامل ہیں۔سفیر آمنہ بلوچ کا تعلق سندھ سے ہے۔ انہوں نے تاریخ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 1991 میں پاکستان فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔ سفیر آمنہ بلوچ کی دو بیٹیاں ہیں۔
نئی نامزدگیوں کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کو فرانس میں پاکستان کی نئی سفیر مقرر کیا گیا ہے. ممتاز زہرا بلوچ اس وقت وزارت خارجہ پاکستان کی ترجمان اور ایڈیشنل سیکرٹری (اسٹریٹجک کمیونیکیشن ڈویژن اور پبلک ڈپلومیسی) کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اپنے موجودہ عہدے سے قبل، وہ جمہوریہ کوریا میں پاکستان کی سفیر اور چین میں پاکستان کے سفارت خانے میں وزیر/ڈپٹی ہیڈ آف مشن کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے سفارت خانے میں پولیٹیکل افیئرز کی کونسلر اور جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن میں سیکنڈ سیکرٹری کے طور پر بھی کام کیا ہے۔ وزارت خارجہ، اسلام آباد میں، انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا اور پیسفک)، ڈائریکٹر (امریکہ)، ڈائریکٹر (سیکیورٹی کونسل اور انسانی حقوق) اور ڈائریکٹر (اسٹریٹجک پلاننگ) کے طور پر خدمات انجام دیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے فارن سروس اکیڈمی اسلام آباد میں ڈائریکٹر (اکیڈمک پروگرام) اور بعد میں قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے پنجاب یونیورسٹی، لاہور سے فزکس میں ماسٹرز، فلیچر اسکول آف لا اینڈ ڈپلومیسی، امریکہ سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز اور فرانس کے ای کول نیشنل ڈی ایڈمنسٹریشن سے یورپی اسٹڈیز اور پبلک ایڈمنسٹریشن میں ڈگری حاصل کی ہے۔