وزیر اعظم مارک کارنی اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وان ڈیر لاین کی ملاقات

اوٹاوا(نامہ نگار)کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وان ڈیر لاین کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں کینیڈا اور یورپی یونین (EU) کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، صنعتی و ڈیجیٹل تعاون بڑھانے اور دفاعی شعبے میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

14 جولائی 2025 کو وزیر اعظم مارک کارنی اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وان ڈیر لاین کے درمیان ہونے والی بات چیت میں بدلتے ہوئے تجارتی تعلقات اور عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں کینیڈا اور یورپی یونین کو مزید مضبوط اور مسابقتی بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے کینیڈا اور یورپی یونین کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے، ڈیجیٹل تجارت، صنعتی پالیسی، اہم خام مال اور صاف توانائی کی ٹیکنالوجیز جیسے کلیدی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ تمام اقدامات حالیہ EU-کینیڈا سربراہی اجلاس میں کیے گئے وعدوں کے تسلسل میں ہیں۔

مزید براں، دونوں فریقین نے جامع و ترقی پسند ٹرانس پیسیفک تجارتی معاہدہ (CPTPP) سے متعلق مواقع پر بھی گفتگو کی، اور اس معاہدے کے تحت باہمی فوائد حاصل کرنے پر زور دیا۔کارنی اور صدر وان ڈیر لاین نے حالیہ یورپی یونین-کینیڈا سربراہی اجلاس کی کامیابی اور اس کے بعد ہونیوالی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دفاعی صنعت میں خریداری اور پیداوار کے شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی بات کی، جو کہ دونوں فریقین کے درمیان نئی سیکیورٹی و دفاعی شراکت داری کا حصہ ہے۔وزیر اعظم کارنی اور صدر اُرسولا وان ڈیر لاین نے قریبی رابطے میں رہنے اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں