لیسکو نے بجلی چوری کا بڑا سکینڈل بے نقاب کیا اور نقصان کو ساٹھ ارب روپے کم کیا- وفاقی وزیر توانائی سرداراویس لغاری
سی ای او لیسکو کارکردگی میں بہتری کیلئے کام جاری رکھیں، ہرممکن سپورٹ فراہم کریں گے۔ چیئرمین بی او ڈی عامر ضیاء
ڈسکوز سپورٹ یونٹ کی مدد سے رواں برس لیسکو کی ریکوری سو فیصد رہی جبکہ لائن لاسز ریکارڈ 2.4 فیصد کم ہوئے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ
مالی سال 2024-25 میں لیسکو نے بارہ کروڑ ستائیس لاکھ یونٹ پکڑے، جس کی قیمت پانچ ارب سترہ کروڑ پچاس لاکھ بنتی ہے۔ اسی طرح دو لاکھ بیس ہزار 863 رننگ اور ڈیڈ نادہندگان سے 14 ارب 45 کروڑ انیس لاکھ روپے ریکوری کی
لاہور : وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق،لیسکو نے گزشتہ سال بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ساٹھ ارب روپے کے نقصانات کم کیے اور بجلی چوری کے بڑے سکینڈل کو بے نقاب کیاجو قابل فخر ہے۔ اس کے باوجود، بااثر افراد نے ہمارے افسران کے خلاف الزامات عائد کرنے کی کوشش کی، لیکن وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی حمایت کے ساتھ ہم اس جنگ کو جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیرتوانائی نے کہا کہ ایک فرنس جتنی ایک ماہ میں بجلی چوری کرتی ہے، وہ ایک گاؤں پانچ سال میں بھی چوری نہیں کرتا۔ اس سال ہمارا فوکس ریکوری کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کے نظام کو ختم کرنے پر بھی ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہے اور آئندہ برس ہم اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔
چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو عامر ضیاء نے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کو بورڈ ممبران کی جانب سے عمدہ کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسی ذمے داری کے ساتھ لیسکو کی بہتری کے لیے کام جاری رکھیں، جس کے لیے انہیں ہرممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیرتوانائی سردار اویس لغاری کی ہدایت پر قائم کردہ ڈسکوز سپورٹ یونٹ (رینجرز، پولیس، ضلعی انتظامیہ) کی مدد سے لیسکو کی ریکوری سو فیصد رہی جبکہ گزشتہ مالی سال تاریخ میں پہلی بار لائن لاسز میں ریکارڈ 2.4 فیصد کمی ہوئی۔ سی ای او لیسکو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیرتوانائی سردار اویس لغاری کی زیر قیادت لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رہنمائی میں لیسکو کی بہتر کارکردگی کا یہ سفر جاری رکھنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
یاد رہے کہ مالی سال 2024-25 میں لیسکو نے بارہ کروڑ ستائیس لاکھ یونٹ پکڑے، جس کی قیمت پانچ ارب سترہ کروڑ پچاس لاکھ ہے۔ اسی طرح 2024-25 میں دو لاکھ بیس ہزار 863 رننگ اور ڈیڈ نادہندگان سے 14 ارب 45 کروڑ انیس لاکھ روپے ریکوری کی گئی۔لیسکو کی یہ مہم نہ صرف مالی استحکام بلکہ نظام میں بہتری اور صارفین کے اعتماد کی بحالی کے لیے ایک مضبوط قدم ہے۔

