اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی کی جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں آئینی ترامیم پر مشاورت کی گئی۔
وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمان سے کہا ہے کہ اگر آپ آئین میں مزید ترمیم چاہتے ہیں تو بتادیں۔حکومت آپ کے ساتھ مل کر ترمیم کرنا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آئینی ترامیم کا مسودہ مسترد کرنے کے اعلان کے بعد وزیر داخلہ نے ان سے ملاقات کی ہے۔ملاقات کے بعد جے یو آئی سربراہ ملتان روانہ ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان آئندہ 10 روز اسلام آباد میں نہیں ہوں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کا مسودہ مکمل مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ مسودہ کسی کو دیا گیا اور کسی کو نہیں، جو مسودہ مہیا گیا گیا وہ کیا تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہمارے حوالے کیا گیا ہم نے اس کا مطالعہ کیا، یہ مسودہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور نہ ہی قابل عمل ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اس مسودے کا ساتھ دیتے تو یہ ملک، قوم کی امانت میں خیانت ہوتی۔