وشاکھا پٹنم ( اے ایف پی، ڈان، کرک انفو) —ویمنز ورلڈکپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقہ نے نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنیوالی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے باعث بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارتی شہر وشاکھا پٹنم میں کھیلے گئے میچ میں 233 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز ٹیم کے ابتدائی پانچ کھلاڑی صرف 78 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ تاہم نچلے نمبروں پر بیٹنگ کے لیے آنے والی کھلاڑیوں نے ٹیم کو بحران سے نکالا۔
ماریزان کیپ اور کلوئی ٹرائیون نے چھٹی وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کی، جنہوں نے بالترتیب 56 اور 62 رنز اسکور کیے۔ ان دونوں کی اننگز نے جنوبی افریقہ کو میچ میں واپسی کا موقع دیا۔
جب ٹرائیون ریتومونی کے براہِ راست تھرو سے رن آؤٹ ہوئیں، جنوبی افریقہ کو ابھی بھی 31 گیندوں پر 35 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر نادین ڈی کلرک نے محاذ سنبھالا اور 29 گیندوں پر ناقابلِ شکست 37 رنز بنا کر ٹیم کو تین گیندیں قبل کامیابی دلائی۔
میچ کے بعد کلوئی ٹرائیون کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا”یہ لمحہ بہت اعصاب شکن تھا، لیکن ہمیں معلوم تھا کہ اگر پرسکون رہیں تو آخری 10 اوورز میں 80 رنز بنانا ممکن ہے۔”
آخری اوور میں جنوبی افریقہ کو آٹھ رنز درکار تھے، ڈی کلرک نے نہیدہ اختر کی پہلی گیند پر چار رنز اور تیسری گیند پر چھکا لگا کر میچ ختم کر دیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم، جو ٹورنامنٹ کے آغاز میں انگلینڈ کے خلاف صرف 69 رنز پر آؤٹ ہو کر 10 وکٹوں سے ہار گئی تھی، اب مسلسل تین فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے، اور سیمی فائنل کی امیدیں روشن ہو گئی ہیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے سست آغاز کے باوجود 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے، جن میں شورنا اختر نے 51 ناٹ آؤٹ رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی 35 گیندوں پر بننے والی یہ اننگز ٹورنامنٹ کی تیز ترین نصف سنچری تھی، جس میں تین چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

