ویمنز ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کی بنگلہ دیش کو 100 رنز سے شکست دے کر پہلی فتح

گوہاٹی(سپورٹس ڈیسک)ویمنز ورلڈ کپ کے گیارویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 100 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی سمیٹ لی۔

بھارت کے شہر گوہاٹی میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ بروک ہالیڈے نے شاندار 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان صوفیہ ڈیوائن نے 63 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا۔ سوزی بیٹس نے 29 اور میڈی گرین نے 25 رنز کی اننگز کھیل کر اپنا حصہ ڈالا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے رابعہ خان سب سے کامیاب باؤلر رہیں، جنہوں نے 30 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ٹیم کی ابتدائی پانچ بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکیں، جس سے دباؤ میں اضافہ ہوا اور وکٹوں کا سلسلہ رک نہ سکا۔فہیمہ خاتون 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ رابعہ خان نے 25 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے لیا تاہوہو اور جیس کیر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روزمیری مائیر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یہ کامیابی نیوزی لینڈ کی اس ٹورنامنٹ میں پہلی فتح ہے، جس کے بعد ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن میں بہتری پیدا کی ہے، جبکہ بنگلہ دیش اب تک کسی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔

اپنا تبصرہ لکھیں