ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کاسری لنکا کیخلاف میچ بھی بارش کی نذر

کولمبو (نمائندہ خصوصی)آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم کا سفر بغیر کسی فتح کے ختم ہوگیا۔ قومی ٹیم کا آخری گروپ میچ سری لنکا کے خلاف بارش کے باعث بے نتیجہ رہا۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 4.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 18 رنز بنائے تھے کہ اچانک بارش شروع ہوگئی۔ میچ کو عارضی طور پر روکا گیا، تاہم مسلسل بارش کے باعث بعد ازاں مقابلہ منسوخ کردیا گیا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے، جن میں سے چار میچز میں شکست ہوئی جبکہ تین میچز بارش کی نذر ہوگئے۔ اس طرح قومی ٹیم کوئی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ سری لنکن فینز پاکستان ویمنز ٹیم کے ڈریسنگ روم کے قریب انکلوژر میں جمع ہوگئے۔

کپتان فاطمہ ثناء، ڈیانا بیگ، سدرہ امین، نشرہ سندھو، سدرہ نواز، اومیمہ سہیل، عروب شاہ اور ایمان فاطمہ نے شائقین سے ملاقات کی، آٹوگراف دیے، ہاتھ ملائے اور اپنے کٹس، شرٹس اور کیپس بھی تحفے میں دیں۔

سری لنکن شائقین نے پاکستانی کھلاڑیوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کپتان فاطمہ ثناء اور ڈیانا بیگ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا۔

یاد رہے کہ 21 اکتوبر کو ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے بارش سے متاثرہ 22ویں میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 150 رنز سے شکست دی تھی، جس کے بعد گرین شرٹس کا ٹورنامنٹ میں سفر عملاً ختم ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں