ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کا کلین سویپ

آخری لیگ میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دی، محسن نقوی کی ٹیم کو شاباش اور انعام کا اعلان

لاہور : پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے کوالیفائر کے آخری اور پانچویں میچ میں بنگلہ دیش کو بھی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان نے 179 رنز کا ہدف 40 ویں اوور میں حاصل کیا،منیبہ علی۔ عالیہ ریاض اور سدرہ امین کی زبردست بلے بازی۔ منیبہ علی 93 گیندوں پر 69 رنز بنا کر آوٹ ہوئیں،عالیہ ریاض نے65 گیندوں پر 52 رنز سکور کئے جبکہ نتالیہ پرویز نے 26 گیندوں پر 13 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔

قبل ازیں بنگلہ دیش ویمنز ٹیم نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔سعدیہ اقبال نے 10 اوورز میں 28 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا کپتان فاطمہ ثنا نے 10 اوورز میں 45 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھجوایا۔ڈیانا بیگ نے 10 اوورز میں 45 رنز دے کر 2 رامین شمیم اور نشرہ سندھو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔بنگلہ دیشی بیٹر ریتو مونی 48 رنز بنا کر آوٹ ہوئیں۔ فہیمہ خاتون نے 53 بالز پر 44 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ اورشرمین اختر 24 رنز بنا کر آوٹ ہوئیں۔

میچ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں عمدہ کارکردگی پر شاباش دی۔محسن نقوی نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں خواتین کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لئے انعام کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ورلڈ کپ میں بھی ایسی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں