کم قیمت اور برٹش کولمبیا میں سستی فائبر تک رسائی نہ ہونےپرفیصلہ کیا:ڈومٹار
وینکوور آئی لینڈ (نمائندہ خصوصی) ڈومٹار نے کہا ہے کہ پلپ کی مسلسل کم قیمت اور برٹش کولمبیا میں سستی فائبر تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے کراؤفٹن میں اپنی پلپ مل مستقل طور پر بند کرنا ضروری ہو گیا ہے، جس سے تقریباً 350 ملازمین متاثر ہوں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس سائٹ کے مستقبل سے متعلق متعدد امکانات پر غور کر رہی ہے۔
بی سی کے وزیر جنگلات راوی پارمار نے اس بندش کو کارکنوں کیلئے ’’دل دہلا دینے والا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگلاتی شعبہ اس وقت مارکیٹ کی غیر مستحکم صورتحال، پلپ کی کم قیمت، کم ہوتی فائبر، ماحولیاتی آگ، ماحول کے تحفظ کے اقدامات اور امریکی ڈیوٹیز و ٹیریفس کے دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن کنزرویٹوز نے پارمار سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال واضح طور پر ظاہر کرتی ہے کہ بی سی کا ساحلی جنگلاتی شعبہ شدید زوال کا شکار ہے۔گزشتہ ماہ ویسٹ فریزر ٹمبر نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہنڈرڈ مائل ہاؤس میں اپنی لکڑی کی مل مستقل طور پر بند کرے گا، جس کے نتیجے میں 2025 کے آخر تک تقریباً 165 ملازمتیں ختم ہو جائیں گی۔

