وینکوور (نامہ نگار)26 اپریل کی شام وینکوور، برٹش کولمبیا میں”لاپو لاپو ڈے” فیسٹیول کے دوران سیاہ رنگ کی Audi Q7 گاڑی نے فریزر اسٹریٹ اور ایسٹ 41ویں ایونیو کے قریب موجود ہجوم پر چڑھائی کر دی۔ اس واقعے میں11 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وینکوور پولیس نے ایکس پوسٹ میں تصدیق کی ہے کہ گزشتہ رات لاپو لاپو فیسٹیول میں ڈرائیور کی جانب سے ہجوم کو کچلنے کے واقعے میں 11 افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔
ملزم، جو وینکوور کا 30 سالہ رہائشی ہے اور جس کا پہلے سے ذہنی صحت کے مسائل کا ریکارڈ موجود تھا، جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے واضح کیا کہ یہ کارروائی کسی دہشت گرد تنظیم سے منسلک نہیں ہے بلکہ یہ ایک اکیلے فرد کا اقدام تھا۔
واقعے کے بعد، کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی نے انتخابی مہم کی تمام سرگرمیاں منسوخ کر دیں اور شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “پورا ملک صدمے، غم اور دل شکستگی کی کیفیت میں ہے۔”
برٹش کولمبیا کے وزیرِ اعلیٰ ڈیوڈ ایبی اور وینکوور کے میئر کین سم نے بھی متاثرین کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔میئر کین سم نے لکھا کہ ہماری ہمدردیاں اس انتہائی مشکل وقت میں تمام متاثرہ افراد اور وینکوور کی فلپائنی کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہفتے کی رات 8 بجے شہر کے فریزر محلے میں پیش آیا۔
اس سانحے پر فلپائنی صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر اور برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم سمیت عالمی رہنماؤں نے بھی تعزیت کی۔وینکوور پولیس ڈیپارٹمنٹ واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کیلئے مدد کے مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔
کینیڈین نشریاتی ادارے سی بی سی کی جانب سے شائع ہونے والی تصاویر میں جائے وقوعہ پر ہنگامی عملے کے ساتھ ساتھ بلاک پارٹی میں بڑی تعداد میں لوگوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔فیسٹیول کی سیکیورٹی گارڈ جین ادابا کاسٹانیٹو نے مقامی نیوز سائٹ وینکوور از اوسم کو بتایا کہ انہوں نے ہر جگہ لاشیں دیکھی ہیں۔
نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما جگمیت سنگھ نےکہا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرین اور ان کے اہل خانہ اور وینکوور کی فلپائنی برادری کے ساتھ ہیں۔فلپائن میں لاپو لاپو ڈے مقامی سردار لاپولاپو کی یاد میں منایا جاتا ہے ، جس نے 1521 میں جنگ میں پرتگالی ایکسپلورر فرڈینینڈ میگلان کو شکست دینے کیلئے اپنے آدمیوں کی قیادت کی تھی۔