وینکوور (رائٹرز/نمائندہ خصوصی) — پچھلے 25 برسوں سے وینکوور کے ڈاؤن ٹاؤن ایسٹ سائیڈ میں کمیونٹی کیلئے خدمات فراہم کرنے والا پوٹ لک کیفے سوسائٹی اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہے اور اگر وسط اکتوبر تک ایک لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی فنڈنگ نہ ملی تو یہ ادارہ بند ہونے کے خطرے سے دوچار ہو جائیگا۔
یہ غیر منافع بخش ادارہ نہ صرف ہر ماہ ہزاروں کھانے فراہم کرتا ہے بلکہ بے گھری، نشے اور ذہنی صحت کے مسائل سے جوجھنے والے افراد کو ملازمت، تربیت اور وقار بھی مہیا کرتا ہے۔ ادارہ ایک کیٹرنگ کمپنی بھی چلاتا ہے جس کے منافع سے سماجی پروگراموں کو فنڈ کیا جاتا ہے۔
پوٹ لک کیفے سوسائٹی کی بورڈ چیئر مز آرٹینگ نے کہا”ہم 46 ایسے افراد کو ملازمت دیتے ہیں جو مختلف رکاوٹوں کی وجہ سے روزگار حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ لیکن بڑھتی ہوئی قیمتوں، دو بڑے کنٹریکٹس کے نقصان اور چندہ میں کمی نے ہمیں ایک سنگین بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ اگر ہمیں 15 اکتوبر تک فنڈنگ نہ ملی تو ہمارے دروازے بند ہو جائیں گے۔”
ایمرجنسی فنڈنگ نہ ملنے کی صورت میں ادارے کے 46 ملازمین نوکریوں سے محروم ہو جائیں گے۔
برایان وولسٹن ہوم، جو گزشتہ 20 برس سے پوٹ لک کے ساتھ منسلک ہیں، نے کہا”میں نے یہاں بطور پریپ کُک اور ڈش واشر کام شروع کیا تھا، بعد میں میری والدہ بھی اس کیفے کا حصہ رہیں۔ اگر پوٹ لک بند ہوا تو مجھے کہیں اور سے دوبارہ آغاز کرنا ہوگا۔ لیکن یہ صرف ایک نوکری نہیں، یہ میرا گھر اور میرا خاندان ہے۔”
ان کے مطابق یہ کچن صرف ایک کام کی جگہ نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں لوگ اپنی زندگی دوبارہ تعمیر کرتے ہیں۔
جلین ہاج، جو صرف دو سال پہلے لیمونیڈ اسٹینڈ پر کام کرتی تھیں اور اب ایونٹ کوآرڈینیٹر ہیں، نے کہا”میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں کارپوریٹ ایونٹس، لائف سیلیبریشنز اور شادیوں کی پلاننگ کروں گی۔ پوٹ لک نے مجھے ایسے وسائل اور مواقع دیے جن سے میں نے اپنی صلاحیتوں کو پہچانا۔ یہ پروگرام کمیونٹی کے لیے امید کی کرن ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو اب بھی سڑکوں پر جدوجہد کر رہے ہیں۔”
مز آرٹینگ نے زور دیا کہ ادارہ حکومت اور کارپوریٹ کلائنٹس کی مدد کے باوجود اب نجی شعبے اور کمیونٹی ڈونرز کی طرف براہِ راست اپیل کر رہا ہے۔”پوٹ لک کو دیگر چیریٹیز سے منفرد بناتی ہے کہ ہم صرف چیزیں بانٹنے کے بجائے لوگوں کو ملازمت دیتے ہیں وقار کے ساتھ روزگار فراہم کرتے ہیں اور کامیابی کیلئے تیار کرتے ہیں۔”
اگر بروقت امداد نہ ملی تو وینکوور کی یہ کمیونٹی سروس، جو ہزاروں افراد کی زندگیوں میں بہتری لا چکی ہے، اپنی بقا کی جنگ ہار سکتی ہے۔

