ویٹی کن سٹی(نمائندہ خصوصی)ویٹی کن سٹی میں کرسمس کے موقع پر خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر پوپ لیو نے اپنے خطاب میں دنیا بھر میں جاری جنگوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ پوپ لیو نے مصائب کے شکار غزہ کے فلسطینیوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور فلسطین، لبنان، شام، اسرائیل اور یوکرین میں امن، انصاف اور استحکام کیلئے دعا کی۔
دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات منائی گئیں۔ شام کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات ہوئیں جبکہ دمشق میں چرچ اسکاؤٹس نے کرسمس کے موقع پر پریڈ کی۔ عراق کے گرجا گھروں میں بھی کرسمس مذہبی جوش و خروش سے منائی گئی۔
غزہ کے فلسطینیوں نے بھی کرسمس منائی، بیت لحم میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا اور گرجا گھر روشنیوں سے جگمگا اٹھے۔ جرمنی کے شہر برلن میں اسٹیڈیم میں 28 ہزار سے زائد فٹ بال فینز نے کرسمس کا خصوصی گیت گایا۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں کرسمس فیسٹیول میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جبکہ خلائی اسٹیشن میں موجود خلا بازوں نے کرسمس ٹری سجا کر مبارک باد دی۔ امریکا کے شہر نیویارک میں ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ دیدہ زیب رنگوں سے جگمگا اٹھی۔

