ٍفرانس کے بعد برطانیہ اور کینیڈا میں پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی

اسلام آباد : پی آئی اے کی فرانس کے بعد کینیڈا اور برطانیہ میں پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اہم خبر آگئی۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے یورپ کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن ساڑھے چار سال کے طویل وقفے کے بعد بحال کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کی بحالی اور عالمی سطح پر اعتماد کی بحالی کیلئےایک اہم سنگ میل ہے۔

بحالی کے اس تاریخی موقع پر پی آئی اے کی پہلی پرواز اسلام آباد سے روانہ ہو کر پیرس کے چارلس ڈی گال ایئرپورٹ پر کامیابی سے لینڈ کر گئی، جو مسافروں اور ایئرلائن دونوں کیلئے ایک خوش آئند لمحہ تھا۔

پیرس پہنچنے پر مسافروں نے خوشی کا اظہار کیا اور پی آئی اے کی خدمات کو سراہا، یہ پرواز اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری دوبارہ عالمی منظرنامے پر قدم جما رہی ہے۔

ذرائع نے بڑی خبر دیتے ہوئےبتایاکہ فرانس کے روٹ کی بحالی کے بعد برطانیہ اور کینیڈا سے بھی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے جلد خبر آجائے گی۔

انھوں نے کہا معاشی اعتبار سے ایک اور اچھی خبر ہے کہ ترسیلات زر میں بڑا اضافہ ہوا ہے، دسمبر 2024 میں نومبر کے مقابلے 5.6 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ گذشتہ سال کے مقابلے 29.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

خیال رہے ساڑھے چار سال کے طویل وقفے کے بعد پی آئی اے کی یورپ میں واپسی پاکستان کیلئے ایک نئی شروعات ہے اور یہ اقدام ایوی ایشن سیکٹر کی ترقی، معیشت کے استحکام، اور دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت شناخت کیلئےایک اہم پیش رفت ہے۔

واضح رہے پی آئی اے کا یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن 2020 میں یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) کی جانب سے لگائی گئی پابندی کے باعث معطل ہوا تھا، جب سابق وزیر غلام سرور نے پائلٹس کی ڈگریوں کے جعلی ہونے کابیان دیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں