ٹاپ سیڈ ناصر اقبال تیسری سی این ایس اسکواش چیمپئن شپ کے فاتح بن گئے

کراچی (سپورٹس ڈیسک)ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع بھی کیا۔

پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں ناصر اقبال نے سیڈ نمبر 2 طیب اسلم کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔

پہلے گیم میں طیب اسلم نے ناصر اقبال کو 8-11 سے شکست دے کر سبقت حاصل کی، تاہم ناصر اقبال نے اپنے تجربے اور مہارت سے شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے تین گیمز میں حریف کھلاڑی کو بالترتیب 1-11، 2-11 اور 7-11 سے زیر کیا۔

ویمن کیٹیگری کے فائنل میں پشاور کی ماہ نور علی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی بڑی بہن سحرش علی کو 0-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ”پاکستان میں کھیلوں، بالخصوص اسکواش کے فروغ کے لیے پاک بحریہ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ناصر اقبال اور دیگر کھلاڑیوں کی کامیابیاں ملک کا فخر ہیں۔”تقریب میں کھلاڑیوں، کوچز، نیوی حکام اور کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں