راولپنڈی( اسپورٹس ڈیسک)ٹرائی نیشن سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 69 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹیم 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 126 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ریان بورل نے 49 گیندوں پر 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم دیگر بیٹرز ناکام رہے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے شاندار ہیٹ ٹرک سمیت 4 وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز نے 2، جبکہ نسیم شاہ، فہیم اشرف اور وسیم جونیئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 74 رنز اور صاحب زادہ فرحان نے 63 رنز کی اننگز کھیلیں۔ فخر زمان 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
زمبابوے کی جانب سے کپتان سکندر رضا 39 رنز کے عوض 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔میچ سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں اور نسیم شاہ و عثمان طارق کو شامل کیا گیا جبکہ سلمان مرزا اور ابرار احمد کو آرام دیا گیا۔
“پاکستان کی پلیئنگ الیون”
سلمان علی آغا (کپتان)، صائم ایوب، بابر اعظم، صاحب زادہ فرحان، عثمان خان، فخر زمان، محمد نواز، فہیم اشرف، وسیم جونیئر، عثمان طارق اور نسیم شاہ۔

