ٹرائی نیشن سیریز، ایشیا کپ سے قبل پاکستان کی بہترین تیاری، کپتانوں کی پریس کانفرنس

شارجہ (سپورٹس ڈیسک) قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ایشیا کپ 2025 سے قبل ٹرائی نیشن سیریز کھیلنا میگا ایونٹ کی تیاری کیلئے بہترین موقع ہے، قومی ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور نتائج بھی شاندار آئیں گے۔

پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ٹرائی نیشن سیریز ٹرافی کی شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں رونمائی کے بعد پری سیریز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے گزشتہ تین سیریز میں بہترین کھیل پیش کیا ہے، اس ایونٹ میں شائقین کو ایک اچھی اور متوازن ٹیم کھیلتی ہوئی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ قیادت ان کیلئےاعزاز اور ذمہ داری ہے، شارجہ کے گرم موسم سے کوئی مسئلہ نہیں، بطور کھلاڑی یہ کوئی عذر نہیں ہو سکتا۔ قومی ٹیم ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہی ہے اور درست سمت میں گامزن ہے۔

افغانستان ٹیم کے کپتان راشد خان نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹورنامنٹس میں ان کی ٹیم کی کارکردگی نمایاں رہی ہے، حالیہ چند ماہ کے دوران افغان کھلاڑی دنیا بھر کی ٹی 20 لیگز کھیل کر قیمتی تجربہ حاصل کر چکے ہیں جس کا فائدہ ٹرائی نیشن سیریز میں ہوگا۔ انہوں نے کرکٹ شائقین سے اپیل کی کہ وہ میدان میں آکر صرف کھیل سے لطف اندوز ہوں اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں، کیونکہ کھیل اتحاد اور امن کا پیغام دیتا ہے۔

متحدہ عرب امارات ٹیم کے کپتان محمد وسیم نے اس موقع پر کہا کہ ان کی ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا ایک مضبوط امتزاج ہے، اور وہ اس امتزاج سے بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای کے کھلاڑی اس سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرائی نیشن سیریز کا پہلا میچ کل (29 اگست) پاکستان اور افغانستان کے درمیان شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست کو میزبان یو اے ای کے خلاف کھیلے گی، تیسرا میچ 2 ستمبر کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہوگا جبکہ 4 ستمبر کو پاکستان کا مقابلہ دوبارہ یو اے ای سے ہوگا۔ سیریز کا فائنل 7 ستمبر کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں