ٹرائی نیشن سیریز: افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دی

شارجہ (اسپورٹس ڈیسک) سہہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے ہرا دیا۔ افغان اسپنرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 169 رنز بنائے، جواب میں پاکستان کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا سکی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغان اوپنرز ابراہیم زادران 65 اور صدیق اللہ اتل 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن افغان اسپنرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی۔ نور احمد، راشد خان، محمد نبی اور فضل الحق فاروقی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے لیے حارث رؤف 16 گیندوں پر 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ فخر زمان 25، سلمان علی آغا 20 اور صاحب زادہ فرحان 18 رنز بنا سکے۔ صائم ایوب اور شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی ٹیم نے اس میچ میں دو تبدیلیاں کیں، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو سلمان مرزا اور حسن علی کی جگہ شامل کیا گیا۔اس سے قبل پاکستان نے سیریز کے ابتدائی میچ میں افغانستان کو 39 رنز اور دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں