ٹرائی نیشن سیریز: پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی، یو اے ای کو 31 رنز سے شکست

شارجہ (اسپورٹس ڈیسک)سہ ملکی کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 31 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 207 رنز بنائے۔ اوپنر صائم ایوب نے 69 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ حسن نواز 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 16 رنز جوڑے، تاہم پاکستان کے 7 بیٹرز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔ یو اے ای کی جانب سے جنید صدیقی اور ساغر خان نے 3،3 جبکہ حیدر علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز ہی بنا سکی۔ یو اے ای کے آصف خان 77 رنز بنا کر بھی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے جبکہ اوپنر محمد وسیم 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان کے بولرز میں حسن علی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 47 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز نے 2 شکار کیے جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

یو اے ای کے خلاف پاکستان کی الیون میں دو تبدیلیاں کی گئیں، جہاں حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حسن علی اور سلمان مرزا کو موقع دیا گیا۔واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن اپنے نام کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں