ٹرائی نیشن سیریز کا پہلا میچ: پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی

شارجہ (اسپورٹس ڈیسک) – ٹرائی نیشن سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔ قومی ٹیم کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا نمایاں رہے، جنہوں نے 36 گیندوں پر 53 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

پاکستانی بیٹنگ لائن میں صاحبزادہ فرحان نے 21، صائم ایوب نے 14، فخر زمان نے 20، محمد نواز نے 21، محمد حارث نے 15 اور حسن نواز نے 9 رنز اسکور کیے۔ افغانستان کے بولرز میں فرید احمد نمایاں رہے جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 143 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان 39 اور رحمٰن اللہ گرباز 38 رنز بنا کر نمایاں رہے تاہم دیگر 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

پاکستان کی بولنگ لائن نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ حارث رؤف نے صرف 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، صفیان مقیم اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس فتح کے بعد پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز میں فاتحانہ آغاز کیا ہے اور ٹیم کی اگلی کارکردگی پر شائقین کرکٹ کی نظریں جم گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں