ٹرمپ نے سینیٹر جے ڈی وینس کو نائب صدارتی امیدوار بنالیا

امریکا کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹر جے ڈی وینس کو اپنا نائب صدارتی امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق سینیٹر جے ڈی وینس کا تعلق ریاست اوہائیو سے ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان ری پبلکن پارٹی کے کنونشن میں کیا۔

اس سے پہلے سینیٹر مارکو روبیو اور گورنر Doug Burgum کو آگاہ کردیا گیا تھا کہ انہیں نائب صدارتی امیدوار نہیں چنا گیا۔

سینیٹر وینس ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں، سن 2016 کے انتخابات سے پہلے سینیٹر وینس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو احمق اور قابل مذمت شخص قرار دیا تھا اور ان کا موازانہ ایڈولف ہٹلر سے کیا تھا۔

تاہم پچھلے کچھ عرصے سے سینیٹر وینس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ایسے موقعوں پر بھی حمایت کی جب بہت سے اہم ری پبلکن رہنما ان کا ساتھ چھوڑ گئے تھے۔

بہت سے ری پبلکنز کے نزدیک سینیٹر وینس کی جانب سے سوچ میں تبدیلی اور ٹرمپ کی حمایت موقع پرستی کی بہترین مثال ہے۔

سینیٹر وینس یوکرین کو امریکی امداد کے شدید مخالف ہیں، انتالیس برس کے وینس نے غریب گھرانے میں آنکھ کھولی تھی۔ وہ میرین کور میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور Yale لا اسکول سے فارغ التحصیل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں