اینی میٹڈ سیریز ’دی سمپسنز‘ کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پیش گوئی کو جعلی قرار دے دیا۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے ناکام قاتلانہ حملے کے بعد سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ معروف سیریز ’دی سمپسنز‘ نے اس کی پیش گوئی کی تھی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ’دی سمپسنز‘ شو کی چند تصاویر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں صارفین نے دعویٰ کیا ہے کہ دی سمپسنز نے ڈونلڈ ٹرمپ کی موت سے متعلق پہلے ہی پیش گوئی کر دی تھی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کارٹون نیلے سوٹ اور سرخ ٹائی کے ساتھ ایک تابوت میں لیٹا ہوا نظر آ رہا ہے، جس پر ’آر آئی پی ڈونلڈ ٹرمپ 1946ء – 2024ء‘ درج ہے۔
تاہم اب سوشل میڈیا پر گردش ہونے والی ان تصاویر کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔
اینی میٹڈ سیریز کے ایک ایگزیکٹیو پروڈیوسر نے سوشل میڈیا پر گردش ہونے والی تصاویر کو جعلی قرار دے دیا۔
ایگزیکٹیو پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردشی ہونے والی تصاویر جعلی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2017ء میں نشر ہونے والی ایک قسط میں ڈونلڈ ٹرمپ کی موت کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مختلف خبریں تصاویر کو ایڈیٹ کر کے، تصویروں میں تبدیلی کے ساتھ، 2017ء سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں۔