واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 27 مارچ 2025 کو وائٹ ہاؤس میں افطار ڈنر کی میزبانی کی تاکہ رمضان کے مقدس مہینے کی یاد منائی جا سکے اور 2024 کے صدارتی انتخابات میں اپنی حمایت پر مسلم امریکیوں کا شکریہ ادا کیا جا سکے۔
اپنی تقریر میں صدر ٹرمپ نے “لاکھوں” مسلم امریکیوں کی حمایت کا اعتراف کیا، خاص طور پر مشی گن کی کمیونٹی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا “مسلم کمیونٹی نے نومبر میں ہمارا ساتھ دیا اور جب تک میں صدر ہوں میں آپ کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔”
اس تقریب میں ہیمٹرامک کے میئر عامر غالب اور ڈیئر بورن ہائٹس کے میئر بل بازی سمیت نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جنہیں صدر ٹرمپ نے بالترتیب کویت اور تیونس کے سفیر کے طور پر نامزد کیا ہے۔افطار کے دوران، صدر ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں سفارتی کوششوں کا اعادہ کیا، ابراہام اکارڈز اور خطے میں دیرپا امن کیلئےجاری کوششوں کا حوالہ دیا۔
ٹرمپ کی تقریر میں ان کی انتظامیہ کی جاری سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا گیا، جہاں انہوں نے زور دیا کہ وہ مسلم کمیونٹی سے کیے گئے “وعدے پورے کر رہے ہیں۔” انہوں نے خطے میں امن و استحکام کیلئےاپنی کوششوں کا حوالہ دیا، جس میں اسرائیل اور غزہ کے درمیان تنازع ختم کرنے کا عہد بھی شامل تھا، جس کے نتیجے میں ان کے عہدہ سنبھالنے سے کچھ ہی پہلے ایک عارضی جنگ بندی عمل میں آئی۔
یہ واضح نہیں ہے کہ جمعرات کی رات کے افطار میں کتنے مسلمان شریک تھے لیکن کمرے میں صرف 60 سے کچھ زیادہ افراد کیلئےنشستیں موجود تھیں۔
تقریب میں شریک افراد میں سے بیشتر غیر مسلم سیاسی شخصیات تھیں جن میں ٹرمپ کے قریبی ساتھی، سینیٹر لنڈسے گراہم، نیشنل انٹیلیجنس کی ڈائریکٹر ٹلسی گیبارڈ، اور ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ کرسٹوفر لانڈاؤ شامل تھے۔
وائٹ ہاؤس میں افطار ڈنر کی روایت 1996 میں خاتون اول ہلیری کلنٹن نے شروع کی تھی، اور صدر ٹرمپ کا حالیہ افطار اس روایت کو جاری رکھنے کی علامت ہے، جو مسلم کمیونٹی کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا اظہار ہے۔

