سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملوں کے بعد ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ 2 سال پر منظر عام پر واپس آگئیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میلانیا ٹرمپ کی جانب سے 2 سال سے زائد وقت کے بعد پہلا ٹی وی انٹرویو دیا گیا ہے جس میں انہوں نے سابق صدر پر ہونے والے 2 حملوں پر بات کی اور بتایا کہ انہیں اس بارے میں کیسے معلوم ہوا۔
سابق خاتونِ اوّل نے امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ حملے کی خبر میں نے لائیو نہیں دیکھی، کچھ منٹس بعد دیکھی، سُن کر میں ٹی وی کی طرف دوڑی اور میں بار بار اسکرین کی جانب دیکھ رہی تھی۔
سابق صدر کی اہلیہ نے 15 ستمبر کو ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے دوسرے حملے کی کوشش کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت نیویارک شہر میں تھی، میں نے اس بارے میں ٹی وی پر دیکھا اور جیسے ہی میں نے اسے دیکھا تو میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ فون کیا۔
دوسری جانب امریکی ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر وہ نومبر میں صدارتی الیکشن ہار گئے تو وہ دوبارہ الیکشن نہیں لڑیں گے۔
رپورٹ کے مطابق سابق صدر اپنی پارٹی کی جانب سے مسلسل تیسری مرتبہ صدارتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ ان کا آخری الیکشن ہوگا۔